اُڈپی 30/ جون (ایس او نیوز) یہاں کاوپ کے مودرنگڈی میں واقع ایک تارکول کارخانہ کے احاطہ سے آدھی رات کو ٹپّر لاری چوری کرنے کے معاملے میں پولیس نے 4 ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے اور ان کے قبضہ سے مسروقہ لاری بر آمد کرلی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق بین الاضلاع چوروں کے اس گروپ نے 16 جون کی رات کو کارخانہ کی گیٹ کا تالا توڑتے ہوئے وہا٘ں پر پارک کی گئی لاری چرالی تھی۔ اس تعلق سے پڈوبیدری پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی تھی۔
گرفتار کیے گئے ملزمین کے نام اڈپی ضلع پالیمار کے رہنے والے اشرف، شمالی کینرا کے رہنے والے اور حال مقیم پڈوبیدری منّا عرف نذیر شیخ، شیموگہ ضلع کے رہنے والے منجو ناتھ عرف منجو اور تیرتھ ہلّی کے رہنے والے ارون کے طور پر کی گئی ہے۔ گرفتار ملزمین کے قبضے مسروقہ لاری کے علاوہ ایک سویفٹ کار، موبائل فون اور کچھ نقد رقم ضبط کی گئی ہے جس کی مجموعی مالیت 12.47 لاکھ روپے ہے۔
ملزمین کی گرفتاری اور مسروقہ مال کی برآمدگی کی کارروائی کاوپ سرکل پولیس اسٹیشن کے عبوری انسپکٹر سمپت کمار کی رہنمائی میں پڈو بیدری کرائم سب انسپکٹَر کے اجئے نے انجام دی۔